10 اگست 2016 - 11:33
ایرانی صدر اور برطانوی وزیراعظم کی ٹیلی فونیک گفتگو

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر حسن روحانی اور وزیراعظم تھریسامے کے درمیان یہ پہلا ٹیلی فونی رابطہ ہے جس میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سطحوں پر روابط کے قیام کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ صدر ایران نے اس موقع پر محترمہ تھریسامے کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تہران لندن کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کرتا ہے۔

صدر حسن روحانی نے جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے برطانیہ کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام کوششیں اب ایٹمی معاہدے پر جلد از جلد علمدآمد کی جانب مرکوز ہونا چاہیں۔ انہوں نے علاقائی مشکلات اور بحرانوں کو مذاکرات اور گفتگو کے ذریعے حل کیے جانے کو ضروری قرار دیا۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانے کا پختہ عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ جامع ایٹمی معاہدے پر علمدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائے گا۔

انہوں نے دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے اس کی جڑوں کو تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کا ملک دہشت گردی گے بیخ کنی کے لیے لندن اور تہران کے درمیان رابطوں اور ہم آہنگی کا خیر مقدم کرتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169